کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں نئے تعلیمی سال اور گرمیوں کے چھٹیوں کے حوالے سے شیڈول کا اعلان کردیا۔
وزیر تعلیم سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسکولوں میں نئے تعلیمی سال اور موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نیا تعلیمی سال 15 اپریل سے شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ رواں برس موسمِ گرما کی تعطیلات 15 مئی سے 14 جولائی تک ہوں گی تاہم آئندہ سال سے یہ تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔
سعید غنی نے کہا کہ نویں اور دسویں کے امتحانات 16 مارچ سے ہی شروع ہوں گے، تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا عملہ و اساتذہ 9 مارچ سے حاضر ہوجائے، اسکولوں کی انتظامیہ بورڈ سے ایڈمٹ کارڈز وصول کرکے اپنے طلبہ کو فراہمی کا فوری آغاز کردیں، سندھ بھر میں میٹرک کے نتائج کا اعلان 30 جون تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کالجز میں تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کیا جائے گا، آغا خان بورڈ بھی اپنے نتائج 30 جون تک مکمل کرے، اس حوالے سے اقدامات کرے، اے اور او لیول کے بچے اگر سندھ بورڈ کے تحت اپنا تعلیمی سفر شروع کرتے ہیں تو ان کے لئے کالج کی داخلہ پالیسی میں آپشن رکھا جائے گا۔
Comments are closed.