کراچی: معروف اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان قمراورماروی سرمد تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان قمرآج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔
اداکارہ ریشم نے گزشتہ روز ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں خلیل الرحمان قمر اورماروی سرمد کے درمیان نجی ٹاک شو میں ہونے والی بحث اور ماروی سرمد کے لیے خلیل الرحمان قمر کی جانب سے استعمال کی گئی نازیبا زبان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
ریشم نے کہا خلیل الرحمان قمر ہمارے ملک کا بہت بڑا نام ہیں، جتنی عزت اللہ تعالی نے ان کو اس وقت دی ہے وہ کم ہی کسی رائٹر کے حصے میں آتی ہے۔ اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان کے حال ہی میں سپر ہٹ ہونے والے ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے کا ایک ڈائیلاگ بہت مشہور ہوا ’’دو ٹکے کی عورت کے لیے آپ مجھے 50 ملین دے رہے تھے‘‘ تو میں کہتی ہوں یہ دو ٹکے کی عورت کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان قمر خود آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔
ریشم نے کہا خلیل مسلسل عورت کی تذلیل، گالی، عورت جیسی مقدس ہستی کو پامال کرکے یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے کیا کیا ہے؟ کل میں نے جو کلپ دیکھا اس میں انہوں نے اس عورت کو کیا نہیں کہا؟ کیا یہ گفتگو، کیا یہ زبان خدانخواستہ اپنی بیوی، بیٹی یا اپنی ماں کے لیے استعمال کرتے؟ آج اگر یہ اپنے ڈرامے میں ایک عورت کو دو ٹکے کا دکھا رہے ہیں کل یہی رائٹر کسی کی ماں کو دو ٹکے کا دکھا سکتا ہے، کسی کی بیٹی کو دو ٹکے کا دکھا سکتا ہے، کسی کو بھی دو ٹکے کا کرسکتا ہے۔
Comments are closed.