کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں ایک سرکاری تقریب پر خود کش حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ حملے میں اہم سیاسی رہنما عبد اللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی بال بال بچ گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل میں حزب وحدت پارٹی کے سربراہ عبد العلی مزاری کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں خود کش حملہ کیا گیا ہے، تقریب میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور اعلیٰ سطح کے حکومتی حکام کے علاوہ افغانستان کے سابق چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی بھی موجود تھے۔
افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خود کش حملے میں 32 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 25 سے زائد زخمی ہیں تاہم سابق چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبداللہ اور حامد اللہ کرزئی حملے میں بال بال بچ گئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے خود کش حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے واقعے کی پر زور مذمت کی، انہوں نے مزید کہا کہ امن معاہدے کے بعد سے پُر تشدد کارروائیاں تھم جانا چاہیئے لیکن شر پسند امن پر آمادہ نظر نہیں آتے۔
تاحال کسی شدت پسند جماعت نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جب کہ طالبان کی جانب سے جاری بیان میں بھی حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا ہے۔
Comments are closed.