تلنگانہ: بھارت میں جوئے کے عادی سفاک باپ نے اپنی تین بیٹیوں کو پانی کے ٹینک میں پھینک کر بیدردی سے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جوئے اور نشے کے عادی باپ نے بیوی سے رقم نہ ملنے پر اپنی 11, 9 اور 7 سالہ بیٹیوں کو ایک درگاہ کے نزدیک پانی کے ٹینک میں پھینک دیا جس کے نتیجے میں تینوں بیٹیوں کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد فیاض نامی شخص نے نشے کیلیے رقم نہ دینے پر اپنی اہلیہ کو بہت مارا پیٹا جس پر اہلیہ اپنی 3 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ہمراہ بھائی کے گھر چلی گئی جس کے دو روز بعد وہ اہلیہ کو منانے اور بچوں کو واپس لانے کے لیے سالے کے گھر پہنچا۔
محمد فیاض نے بیوی کی منت سماجت کی اور جوئے کی لت کو چھوڑ کر نیک انسان بننے اور کام کاج کرنے کا وعدہ کیا۔ بیوی کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد چاروں بچوں کو قریبی درگاہ لے جاکر لنگر کھلانے کی اجازت بھی حاصل کرلی۔
تھوڑی ہی دیر بعد بیٹا روتا ہوا واپس آیا اور ماں کو بتایا کہ باپ نے بہت مارا پیٹا ہے، جس پر سب لوگ تینوں بچیوں کی تلاش میں درگاہ پہنچے تو ایک ٹینک کے اندر سے محمد فیاض نمودار ہوا تاہم بچیوں سے متعلق کچھ بھی بتانے سے گریز کیا۔
قریبی موجود کسانوں نے اہل خانہ کو بتایا کہ یہ شخص تین بچیوں کو لیکر اسی ٹینک میں اترا تھا جس پر پولیس کو طلب کیا گیا اور بچیوں کی لاشیں گہرے ٹینک سے نکال لی گئیں۔ سفاک باپ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
Comments are closed.