Khabardar E-News

شہرہ آفاق ڈرامہ ’’اَن کہی“ تھیٹر کی شکل میں پیش کرنے کا اعلان

129

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی: ماضی کے معروف ٹی وی سیریل ”اَن کہی“ تھیٹر کا پہلا شو 15 مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں ہوگا۔

اس بات کا اعلان ڈرامہ نگار حسینہ معین، اداکار ساجد حسن اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ حسینہ کے ڈرامے میں عورت کو کبھی کمزور نہیں دکھایا گیا، ان کا ڈرامہ اتنا مضبوط ہوتا تھا کہ لوگ اس کے سحر میں مبتلا ہو جاتے ہیں، ”اَن کہی“کو تھیٹر میں پیش کیا جارہا ہے یہ خوش آئند بات ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ڈراموں کو تھیٹر میں لائیں۔

ڈرامہ نگار حسینہ معین نے کہا کہ ”اَن کہی“میرے لیے بہت اہم ہے،”اَن کہی“کو انڈیا والوں نے فلم کے لیے مانگا مگر میں نے منع کردیا، یہ میرا اسٹیج کے لیے پہلا شو ہوگا دعا ہے کہ آپ مایوس نہ ہوں اور مجھے خوشی ہو گی کہ یہ ڈرامہ تھیٹر کی صورت میں بھی کامیاب رہے۔

اداکار ساجد حسن نے کہا کہ ہم اپنے رائٹرز کو بھلاتے جارہے ہیں، حسینہ آپا جیسے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے، ”اَن کہی“کی اجازت دینا حسینہ آپا کی فراخدلی ہے، یہ ایک تحریک ہے جو ہمیں مل کر چلانی ہوگی۔

”اَن کہی“تھیٹر کے ہدایت کار داور محمود نے کہا کہ یہ کہانی بہت یونیورسل ہے جن لوگوں نے یہ ڈرامہ پہلے نہیں دیکھا اُن کے لیے بہت زبردست ہوگا۔

ڈرامے کی ہیروئن شہناز شیخ کے کردار کو تھیٹر میں پیش کرنے والی اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ یہ کردار میرے لیے اعزاز ہے اور میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں، اس سے قبل میں نے کبھی تھیٹر نہیں کیا۔

اس ڈرامہ میں مرکزی کردار آمنہ الیاس ادا کررہی ہیں جبکہ سہیل ہاشمی، وہاب شاہ، شفقت خان، علی شیخ، طہٰ ہمایوں، وقار علی کاسٹ میں شامل ہیں، میوزک عباس علی خان نے ترتیب دیا ہے۔

Comments are closed.