Khabardar E-News

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی

110

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

راولپنڈی: پی ایس ایل فائیو کے 18 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔ 

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 170 رنز بنائے۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

امام الحق نے کامران اکمل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو نسیم شاہ نے انہیں پہلے ہی اوور میں خوب پریشان کیا تاہم شین واٹسن نے امام کا کیچ چھوڑ کر انہیں ایک موقع دیا جس سے وہ فائدہ نہ اٹھاسکے اور اگلے ہی اوور میں 7 رنز بنانے کے بعد سہیل خان کی گیند پر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔

کامران اکمل نے چوتھے اوور میں محمد حسنین کو لگاتار 2 چھکے جڑے لیکن تیسری گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے وہ 23 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ حیدر علی 24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔ شعیب ملک نے 27 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ بین کٹنگ اور سہیل خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ اس سے قبل بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور میچ بھی 15 ،15 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جوابی بیٹنگ میں شین واٹسن اور احمد شہزاد نے اننگ کا آغاز کیا۔  شین واٹسن نے 19، احمد شہزاد نے 10، بین کٹنگ نے 17، محمد نواز نے 18، سرفراز احمد نے ایک رنز بنایا اور احمد خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے اختتام تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں پر 140 رنز اسکور کرسکی۔

آخر میں سہیل خان تین رنز اور تیمل ملز دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے تین، راحت علی نے دو جب کہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کے کھلاڑی شعیب ملک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں ںے 27 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں پشاور زلمی کی یہ تیسری فتح ہے۔

Comments are closed.