مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف میری لڑائی ذاتی نہیں پاکستان کے لئے ہے، بدعنوان لوگ جو کرپشن کر کے پیسے باہر لے گئے ان سے مفاہمت کا مجھے نہ کہا جائے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے خوشحال ممالک کا بغور جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ان کے پاس خوشحالی اس لئے نہیں ہے کہ اللہ نے انہیں زیادہ وسائل دئیے ہیں بلکہ جتنے خوشحال ممالک ہیں وہاں شفافیت ہے بدعنوانی نہیں، جب کہ دوسری طرف غریب ترین ممالک کو دیکھا جائے تو بھرپور وسائل کے حامل کرپشن کی وجہ سے دنیا میں بہت سے ممالک پیچھے رہ گئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی کے پیچھے 450 سے زائد وزراء کو جیلوں میں ڈالنا ہے، جب کہ امریکا میں 30 ، 30 سال بعد کرپشن کرنے والوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، میری بھی بدعنوان عناصر کے خلاف لڑائی ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کے لئے ہے، میں جب دیکھتا ہوں کہ ایک ایک ادارے میں کرپشن کی داستانیں سامنے آتی ہیں، کوئی میرے گھر میں چوری کرتا ہے اور کرپشن کرتا ہے تو کیا میں ان سے مفاہمت کر لوں، بدعنوان لوگ جو کرپشن کر کے پیسے باہر لے گئے ان سے مفاہمت کا مجھے نہ کہا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اقتدار کے لئے جمہوری نہیں بنا بلکہ حقیقی جمہوریت پسند ہوں ، مغرب میں جمہوریت آئی اور وہ خوشحال ہوئے، جب کہ مسلمان بادشاہت کی وجہ سے پسماندہ رہ گئے، تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ جن ممالک میں بہتر جمہوریت ہے وہاں خوشحالی زیادہ ہے اور غربت کم ہے، اور جہاں جمہوریت بری حالت میں بھی ہو تب بھی وہ سب سے بہتر نظام ہے۔
Comments are closed.