کراچی: اداکارہ سوہائے ابڑو کا کہنا ہے کہ فلم کے کردار میں حقیقی رنگ بھرنے کے لیے بال منڈوانہ میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔
اداکارہ نے ایکسپریس ٹریبیون کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ شوٹنگ کے دوران بہت سے کردار ایسے بھی ہوتے ہیں جہاں مخصوص ہیئر اسٹائل بنانا پڑتا ہے، مجھے اس کردار کو ادا کرنے کے لیے وگ لگانے کا بھی کہا گیا لیکن میں نے بال منڈوانے کا فیصلہ کیا تاکہ میں اسی انداز میں اپنے کردار کے ساتھ سو فیصد انصاف کرنے کی کوشش کرسکوں۔
سوہائے ابڑو نے یہ بھی کہا کہ میں نے فنی کیریئر میں اس سے قبل ایسا کبھی نہیں کیا، میں کچھ منفرد کرنا چاہتی تھی اور مجھے لگتا ہے کہ کردار کے لیے بال منڈوانہ میرے لیے ایک وجہ بھی ہے، ورنہ تو میں نے اپنی زندگی میں یہ کرنے کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا کیوں کہ یہ میری زندگی کا سب سے اہم فیصلہ ہے جس سے میں خود کو آزاد محسوس کرتی ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کی جانب سے گہری رنگت کی وجہ سے مجھے تنگ کیا جاتا رہا ہے جس کی وجہ سے میں بچپن میں اور اب شوبز انڈسٹری میں بھی جدو جہد کرتی رہی ہوں، بال منڈوانہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن مجھے پتا ہے کہ میرے پاس دوسرا کوئی آپشن موجود نہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’دی ونڈو‘ کو ہالی ووڈ کے اشتراک سے بنایا جارہا ہے جسے رواں برس ریلیز کیا جائے گا تاہم فلم ریلیز کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ فلم کی کاسٹ میں نامور اداکار فیصل قریشی اور سمیع خان بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔
Comments are closed.