مظفر آباد: وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ہمیں مسئلہ کشمیر پر جارحانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی مدد کر رہا ہے لیکن ہمیں جارحانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے مسئلہ کشمیر پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی ثالثی انتہائی خطرناک ہے کیونکہ وہ ہندوستان کے حق میں جائے گی، امریکا نے مسئلہ فلسطین پر بھی ثالثی کرائی تو فلسطین کا بیڑاغرق ہوگیا اور وہ 15 فیصد تک رہ گیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے سیاسی اختلافات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے گزارش ہے اپنا دامن کھولیں اور قومی اتفاق رائے پیدا کریں، ٹی وی ٹاک شوز میں لڑائی جھگڑے بند کروائیں، قوم بہت تقسیم ہو چکی ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اتفاق رائے کیلئے وزیراعظم عمران خان خود کو اوپر کریں، تقسیم در تقسیم بہت ہوگئی، اب اس سے باہر نکلیں، پاکستان مسلم امہ کی لیڈرشپ کرے گا، ہم کشمیر میں کبھی پاکستان کا جھنڈا نہیں گرنے دیں گے اور پہلے اپنے سینے پر گولی کھائیں گے پھرپاکستان کی طرف گولی بڑھےگی۔
Comments are closed.