اسلام آباد: خطرناک کورونا وائرس کے باعث پاکستان نے چین سے پروازوں کی آمدورفت پر دوبارہ پابندی عائد کردی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ چین سے آنے والی اور پاکستان سے چین جانے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وفاقی سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حکومت نے یہ فیصلہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری سے 2 فروری تک چین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا جو 3 فروری کو بحال کردیا گیا تھا، فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد چین کے شہر ارمچی سے 60 سے زائد مسافروں کو لے کر ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز ’سی زیڈ 6007‘ اسلام آباد پہنچی تھی جہاں مسافروں کی سخت اسکریننگ کی گئی۔
علاوہ ازیں 234 طالب علم چین سے پاکستان پہنچے تھے جہاں وزارت صحت کے عملے نے تمام طلبہ کا ایئرپورٹ پر طبی معائنہ کیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے مزید 65 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 490 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار سے بڑھ کر 24 ہزار 324 ہوگئی ہے۔
Comments are closed.