الینوائے: امریکی ریاست الینوائے میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ مرکزی شاہراہ پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الینوائے میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ پرواز بھرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر زمین بوس ہوگیا، طیارہ میں زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اُٹھی۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، طیارے کے ملبے سے 3 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ہلاک شدگان کی شناخت ہوگئی ہے تاہم لواحقین کی اجازت ملنے تک شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔
طیارہ مرکزی شاہراہ پر گرنے کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی، خوش قسمتی سے طیارہ گرنے کے وقت شاہراہ پر موجود گاڑیاں محفوظ رہیں۔ طیارے کے پرواز بھرنے کے مقام اور منزل کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہیں۔
وفاقی ایوی ایشن نے حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ امریکا میں نجی طور پر زیر استعمال چھوٹے طیاروں کے حادثوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، رواں برس ہونے والے 5 سے زائد حادثات میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
Comments are closed.