Khabardar E-News

لاہور نے کوئٹہ کو شکست دے دی

89

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ 5 میں مسلسل شکست کھانے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر رواں ایونٹ کی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 16 ہویں میچ میں لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل تھے۔

بین ڈنک اور سمت پٹیل کی دھواں دھار اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ کو جیت کیلئے 210 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور لاہور نے میچ 37 رنز سے جیت لیا۔

93 رنز کی دھواں دھار  اننگز کھیلنے پر بین ڈنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور کی اننگز

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔

قلندرز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس کے ابتدائی 3 کھلاڑی 50 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ فخر زمان 15، کرس لین 27 اور محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بین ڈنک اور سمت پٹیل نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی اور ٹیم کا اسکور 209  تک پہنچادیا۔

چوتھی وکٹ پر بین ڈنک اور سمت پٹیل کے درمیان 155 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس دوران دونوں نے مجموعی طور پر  12 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔

قلندرز کی چوتھی وکٹ 205 کے مجموعی اسکور پر  گری جب سمت پٹیل 40 گیندوں پر 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انہوں نے 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔

اننگز کی آخری گیند پر  بین ڈنک کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے بین کٹنگ نے دو جبکہ حسنین، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ کی اننگز

کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور شین واٹسن نے کیا تاہم دونوں زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔

28 کے مجموعی اسکور پر جیسن رائے 12 رنز بناکر  پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد احسن علی 2، کپتان سرفراز احمد 9، شین واٹسن 23، اعظم خان 12 اور محمد نواز 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بین کٹنگ نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ 27 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انور علی 4، فواد احمد 13 اور نسیم شاہ 7 رنز بناسکے۔

گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں  172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور قلندرز میچ 37 رنز سے جیت گئے۔

لاہور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 4 جبکہ سمت پٹیل، دلبر حسین اور محمد فیضان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی پہلی فتح ہے۔ اس سے قبل اسے 3 میچز میں شکست ہوئی تھی اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، دوسرے نمبر پر کراچی کنگز (6 پوائنٹس)، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (6 پوائنٹس)، اسلام آباد یونائیٹڈ (5 پوائنٹس) اور پشاور زلمی بھی پانچ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

Comments are closed.