Khabardar E-News

امریکا وائرس سے متعلق گھڑی ہوئی کہانیاں اور افواہیں پھیلا رہا ہے، چین

246

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

بیجنگ: چین نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا کورونا وائرس سے متعلق من گھڑت کہانیاں اور بے بنیاد افواہیں پھیلا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے کورونا وائرس سے متعلق عالمی سطح پر افواہیں پھیلانے پر امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے جان بوجھ کر بے بنیاد اور من گھڑت کہانیاں پھیلائیں جس سے دنیا بھر میں خوف و ہراس میں اضافہ ہوا۔

چین کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے کورونا وائرس پر جو جارحانہ اقدامات اُٹھائے اس سے دنیا بھر میں دہشت اور خوف کا پیغام گیا۔ امریکا اس مرحلے پر ہماری معاونت کرسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

چین نے دوست اور ہمسائیہ ممالک سے گزارش کی ہے کہ مشکل حالات میں افواہوں کو رد کر کے اور اپنی تجاویز سے چین کی معاونت کریں اور بے بنیاد خبروں کو پھیلا کر خوف کی فضا قائم کرنے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سامنے آنے کے بعد امریکا پہلا ملک تھا جس نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو واپس بلایا اور چین سے آنے والی پروازوں کو روک دیا تھا جس کے بعد دیگر ممالک نے بھی یہی اقدامات اُٹھائے۔

Comments are closed.