واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک انجن والا مسافر بردار چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تاہم معجزانہ طور پر دیگر افراد محفوظ رہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو کی کاؤنٹی فریمنٹ میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے حساس علاقے ’ڈپارٹمنٹ آف کریکشن پراپرٹی‘ کی حدود میں زمین بوس ہوگیا۔
ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے طیارے کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی ہے جب کہ دو افراد کو بحفاظت نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ طیارے پائپر پی اے-28 کو زیر تربیت پائلٹ اُڑا رہا تھا جب کہ حادثے کے وقت طیارے میں انسٹرکٹر اور ایک مسافر بھی موجود تھا۔ طیارہ گرنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
Comments are closed.