Khabardar E-News

کشمیر پر وزارت خارجہ سمیت اداروں نے وزیراعظم کا پورا ساتھ نہیں دیا، شیریں مزاری

132

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

 اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے اداروں خصوصا وزارت خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کا پورا ساتھ نہیں دیا۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی۔

شیریں مزاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ حکومت نے کشمیر پر کچھ نہیں کیا، حکومتی کوششوں سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے متعدد بار کشمیر کے حوالےسے بیانات آئے، سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، یورپی یونین نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی، آزاد کشمیر میں اقوام متحدہ کی امن فورس موجود ہے، ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھی اقوام متحدہ کی امن فورس تعینات کرنے کا مطالبہ کرنا چاہئے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس بھرپور طریقے سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، بدقسمتی سے ہمارے اداروں خصوصا وزارت خارجہ نے وزیراعظم کی کوششوں میں اتنی مدد نہیں کی جتنی وہ کرسکتے تھے، دفتر خارجہ نے کئی چیزوں پر ایکشن نہیں لیا جہاں کشمیر کا موقف پیش کرسکتے تھے، صرف بیانات کافی نہیں بلکہ دفتر خارجہ کو اس سے زیادہ کچھ کرنا ہوگا اور سفارت کاری کی روایتی پالیسی سے آگے بڑھنا ہوگا، وزیراعظم مسئلہ کشمیر کو بہت آگے لے گئے ہیں لیکن باقی اداروں کی مدد بھی بہت ضروری ہے جسے مزید بڑھانا چاہیے جو وہ اس وقت نہیں کررہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی، سیاسی، اخلاقی حمایت سے آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں خواتین اور بچوں کے عالمی فورمز پر کشمیر کے مظالم اٹھانے چاہئیں، جنرل اسمبلی سے پانچ اگست کے بعد کی صورتحال پر ایڈوائزری قرارداد لینی چاہئے۔

Comments are closed.