مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کو حوریں اور عوام کو موت کے فرشتے نظر آ رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا آپ کے ستائے عوام نے فیکٹریوں کو تالے لگا کر چابیاں نالائقوں کے حوالے کر دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سبز باغ دکھا کر عوام کو دھوکا دینے والوں کو معاشی حقیقتوں نے بے نقاب کر دیا ہے، عمران صاحب نے بہترین حالات میں بدترین کارکردگی پر کامیابی کو ناکامی میں بدل دیا ہے۔
مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے 2013 میں ذمہ داری سنبھالی تو 8.8 فیصد خسارہ تھا، اسحاق ڈار نے ترقی کی شرح 5.8 فیصد کی جسے عمران خان نے تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ملک و قوم کی خدمت کی سزا ان پر بے بنیاد الزامات کا کیچڑ اچھال کر دی گئی، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ان پر جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات قائم کیے۔
ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ عمران صاحب کی معاشی کارکردگی ملی بھگت سے لوٹ مار اور سنگدلانہ نالائقی ہے، عمران صاحب آپ اسحاق ڈار پر تہمت لگا کر معیشت کو بہتر نہیں بنا سکتے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی بدترین کارکردگی کے باوجود عمران خان کو حوریں لیکن عوام کو موت کے فرشتے نظر آ رہے ہیں۔
Comments are closed.