کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) قلات انتظامیہ نے پیشگی اجازت کے بغیر ضلع قلات میں غیر مقامی مزدوروں کے
لانے پر پابندی عائد کر دی ہے
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر قلات کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ بغیر اجازت غیر مقامی مزدور لانے کی صورت میں اگر کوئی
ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق، یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ شہریوں اور مزدوروں کی جان
و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، یہ اعلامیہ قلات کے علاقے منگیچر میں گزشتہ روز پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے
کے بعد جاری کیا گیا،
جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں ایک کا تعلق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان جبکہ
دوسرے کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔
زخمی مزدوروں کا تعلق بھی انہی علاقوں سے بتایا جاتا ہے – ایک رحیم یار خان اور دوسرا کوئٹہ کا رہائشی
ہے۔
قلات انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ضلعی قوانین اور سیکیورٹی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی
بنائیں تاکہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔