اونٹاریو: دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ اگر ایک خاص عمر کے بعد روزانہ انڈے کھائے جائیں تو اس سے جسم میکں کولیسٹرول بڑھتا ہے جو آگے چل کر رگوں میں تنگی اور دل کی مختلف بیماریوں کی وجہ بنتا ہے۔ لیکن طبّی ماہرین کی ایک بین الاقوامی ٹیم کا کہنا ہے کہ شاید یہ بات سچ نہیں۔
کینیڈا کی مک ماسٹر یونیورسٹی کی سربراہی میں گزشتہ برس ایک عالمی مطالعہ کیا گیا جس میں پاکستان سمیت، دنیا کے کئی ممالک سے ماہرین شریک تھے۔ اس وسیع البنیاد تحقیق میں 50 ممالک میں 177000 (ایک لاکھ ستتّر ہزار) سے زائد افراد پر کیے گئے ایک طویل مدتی مطالعے کا ڈیٹا شامل کیا گیا جو کئی سال پر پھیلا ہوا تھا۔ اس مقصد کےلیے پاکستان سے آغا خان یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی ہیلتھ سائنسز اینڈ میڈیسن کی خدمات حاصل کی گئیں۔
ان تمام اعداد و شمار کو احتیاط اور باریک بینی سے کھنگالنے پر ایسی کوئی بات سامنے نہیں آسکی جو روزانہ انڈے کھانے اور کولیسٹرول میں اضافے کے درمیان تعلق کو ثابت کرسکے۔
آسان الفاظ میں اس تحقیق سے حاصل شدہ نتائج کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر آپ روزانہ ناشتے میں صرف ایک انڈا کھاتے ہیں تو اس سے نہ تو جسم میں کولیسٹرول بڑھتا ہے اور نہ ہی وہ دل اور شریانوں کی کسی بیماری کی وجہ بنتا ہے۔ البتہ، بہتر یہی ہے کہ ناشتے میں اُبلے ہوئے انڈے کھائے جائیں، جبکہ آملیٹ یا ہاف فرائی انڈوں کا استعمال کبھی کبھار کرلیا جائے تو کوئی مضائقہ نہیں۔ بس انہیں روز کا معمول نہیں بنانا چاہیے۔
Comments are closed.