ملک بھر میں 50 ہزار روپے کی خریداری کے لیے شناختی کارڈ کی نقل جمع کرانے کی شرط آج سے نافذ العمل ہوگئی۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ممبر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے بتایا کہ 50 ہزار روپے یا اس سے زائد کی خریداری پر شہریوں کو شناختی کارڈ کی نقل دکاندار کو فراہم کرنا ہوگی۔
خواتین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے اپنا شناختی کارڈ دکھانا لازمی نہیں ہوگا وہ اپنے والد، شوہر یا بیٹے کے شناختی کارڈ کی نقل دے کر بھی خریداری کرسکتی ہیں۔
ممبر ایف بی آر نے بتایا کہ شناختی کارڈ کی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے تصدیق کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کی تصدیق کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ خریدار کاروباری فرد تو نہیں جب کہ شناختی کارڈ نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال حکومت کی جانب سے 50 ہزار یا زائد رقم کی خریداری پر شناختی کارڈ جمع کرانے کی شرط عائد کی گئی تھی جس کے خلاف ملک بھر میں تاجروں کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال بھی کی گئی تھی۔
اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس فری ماحول کے عادی لوگ شناختی کارڈ کی شرط کی مخالفت کررہے ہیں لیکن معیشت کو دستاویزی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments are closed.