سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ میں واقع ایک آفیسر کے گھر میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں آفیسر ہلاک ہوگیا جب کہ اہل خانہ کو بچالیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں واقع بھارتی فوج کے کیمپ کے ایک حصے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ بھارتی فوج کے آفیسر کے گھر میں لگی۔
بھارتی فوج کے آفیسر اپنی اہلیہ کو بچانے کے لیے جلتے ہوئے گھر میں داخل ہوگئے اور اہلیہ کیساتھ اپنے پالتو کتے کو بھی بچانے میں کامیاب ہوگئے تاہم اس دوران خود بری طرح جھلس گئے۔
بھارتی آفیسر انکت بدھر راجہ کو قریبی ملٹری اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے گھر میں لگی آگ بجھادی تاہم آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ آفیسر کی لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
Comments are closed.