Khabardar E-News

کورونا وائرس سے امریکا کے بعد تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں بھی ہلاکتوں کی تصدیق

129

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

واشنگٹن/ بنکاک/ پرتھ: کورونا وائرس سے  امریکا کے بعد تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں بھی پہلی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 900 ہوگئی ہے جب کہ اس وائرس سے امریکا، تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں بھی ایک ایک مریض کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

امریکی محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن کے علاقے کنگ کاؤنٹی میں کورونا وائرس سے متاثر 50 سالہ شخص ہلاک ہوگیا ہے، مذکورہ شخص نے کبھی چین کا دورہ نہیں کیا تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اب یہ وائرس کمیونیٹیز میں پھیل رہا ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکت کی خبر اُس وقت آئی ہے جب امریکی صدر نے امریکی شہریوں کو کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہونے کی تجویز دی تھی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے مغربی شہر پرتھ کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت سامنے آئی ہے۔ ہلاک ہونے والے 78 سالہ شخص کو جاپان کے ڈائمنڈ پرنس بحری جہاز سے 150 آسٹریلوی شہریوں سمیت لا کر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

ادھر تھائی لینڈ میں بھی کورونا وائرس سے ایک مریض کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، 35 سالہ شخص پہلے ہی ڈینگی بخار میں مبتلا تھا اور بعد ازاں دوران علاج کورونا وائرس کا شکار ہوگیا تھا۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 86 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

Comments are closed.